پاکستان کی 5 بڑی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ سامنے آگیا، 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری سے پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا، منصوبوں کی تکمیل سے سالانہ ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔
اوگرا کی دستاویز کے مطابق درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے، مقامی پیداوار بڑھانے اور پیٹرولیم مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ملک کی پانچ بڑی آئل ریفائنریز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اپ گریڈیشن منصوبوں پر مجموعی طور پر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے بعد پیٹرول کی یومیہ پیداوار 10 ہزار 702 ٹن سے بڑھ کر 21 ہزار 251 ٹن ہونے کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 21 ہزار 237 ٹن سے بڑھ کر 31 ہزار 288 ٹن تک پہنچ جائے گی۔
منصوبے کے تحت تمام ریفائنریز میں پیٹرول اور ڈیزل کا معیار یورو فائیو تک بہتر بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، جس سے مقامی سطح پر معیاری ایندھن کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن کی ضرورت کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اوگرا دستاویز کے مطابق ملک کی پانچ ریفائنریز کے اپ گریڈیشن منصوبے 2028 سے 2030 کے درمیان مکمل کیے جانے کا ہدف ہے۔
پارکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جسے 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ اس منصوبے کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے۔
نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری تجویز کی گئی ہے اور منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اسی طرح سینرجیکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر بھی ایک ارب ڈالر خرچ کیے جانے کا تخمینہ ہے، جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔
اٹک ریفائنری کی اپ گریڈیشن کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ ہوگا، پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار بڑھے گی، درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور سالانہ ایک ارب ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔