وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کی اہم کامیابی ہے۔ اس تاریخی موقع کی یاد میں 25 نومبر کو ہر سال منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ خلائی مشن میں پاکستان کی شرکت سے عالمی سطح پر ملک کی شناخت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
پشاور/اسلام آباد میں خصوصی مرکز ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی پروگرام اور سائنسی تحقیق کے فروغ کے عزم کی علامت ہے۔ محدود وقت میں محنت اور لگن سے تیار کیا گیا یہ مرکز چار روز تک عوام کے لیے فعال رہے گا، جہاں خلائی سائنس اور تحقیق سے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دکھائی جائیں گی۔
پاکستان اور چین کی دوستی کا تاریخی سنگِ میل
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 25 نومبر پاکستان اور چین کی دوستی کے حوالے سے ایک یادگار دن ہے۔ پاکستانی خلا باز ذیشان علی نے خلائی مشن میں شرکت کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے اور پوری قوم کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔
انہوں نے اس کامیابی میں سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت سے پاکستان کو عالمی سطح پر نئی پہچان ملی ہے۔
خلائی تحقیق میں سپارکو کی خدمات قابلِ تحسین
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سپارکو خلائی تحقیق کے میدان میں اہم خدمات انجام دے رہا ہے اور مختلف شعبوں میں پاکستان کی کامیابیاں بین الاقوامی سطح پر ملک کے وقار میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات نے ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا افتتاح کیا اور مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہیں وہاں قائم شعبہ جات، ان کے طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مرکز میں پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں، جبکہ سپارکو کی جانب سے خصوصی اسٹال بھی قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ عطاء اللہ تارڑ نے مرکز کے نوٹس بورڈ پر اپنا خصوصی پیغام بھی درج کیا۔
