سندھ حکومت، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈرز کے درمیان گٹھ جوڑ اور بھتہ نظام چلتا ہے، شہری تیمور احمد

سندھ حکومت، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈرز کے درمیان گٹھ جوڑ اور بھتہ نظام چلتا ہے، شہری تیمور احمد

 کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد علاقے کے ایک شہری تیمور احمد نے اس معاملے سے جڑے دستاویزی شواہد اور تاریخیں میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میئر کراچی مرتضی وہاب جھوٹ بول  رہے اور غلط بیانی کر  رہے ہیں 
 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور احمد نے کہا کہ میں اسی سوسائٹی  کا رہائشی ہوں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعتِ اسلامی  کا  پارلیمانی لیڈر بھی ہوں ، میرا گھر متاثرہ عمارت کے بالکل سامنے والی گلی میں واقع ہے اور وہ  میں سارے عمل کا عینی شاہد ہوں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بلڈر نے 8 اگست کو عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کیا تھا، تو اس سے قبل اپریل اور مئی میں یونین کمیٹی کی جانب سے تین نوٹس جاری ہونے کے باوجود تعمیراتی کام کیوں جاری رہا؟تیمور احمد نے دستاویزی تاریخوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یونین کمیٹی کے چیئرمین نے 23 اپریل، 28 اپریل اور 6 مئی کو غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے باقاعدہ خطوط لکھے تھے۔ 

تیمو ر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر چنیسر ٹاؤن انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر لینڈ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا اور بلڈر کو بھی نوٹس جاری ہوئے، تاہم حکام کی جانب سے کسی ایک خط یا نوٹس کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔

شہری کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تعمیر روکنے کے بجائے عمارت کے مکمل ہونے اور بلڈر کے عدالت سے رجوع کرنے کا انتظار کیا۔
 ان کے مطابق عمارت گرنے کے روز وہاں فنشنگ اور پینٹ کا کام جاری تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کام روکنے کے مبینہ عدالتی احکامات کے باوجود تعمیر آخری مراحل تک پہنچ چکی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی غیر قانونی تعمیرات کا گڑھ بن چکی ہے جہاں مبینہ طور پر بھتہ وصولی کا نظام کام کر رہا ہے،ان کا مؤقف تھا کہ جب نوٹسز کا دباؤ بڑھتا ہے تو بلڈر عدالت میں درخواست دائر کر دیتا ہے اور ایس بی سی اے وہاں اپنا جواب جمع کرا دیتی ہے، جو متعلقہ اداروں اور بلڈرز کے درمیان گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جائے وقوعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس عمارت کے معاملے میں عدالت کی جانب سے حکمِ امتناع جاری ہوا تھا۔
 میئر کراچی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات سے شہریوں کی جان و مال اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، اور وہ اس سنگین معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرِ بلدیات سے بات کریں گے۔

 

editor

Related Articles