خیبر پختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کا اہم اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا۔
قبائلی عمائدین پر مشتمل کونسل کے اس تیسرے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر، 12 نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر یحییٰ اخونزادہ اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں نامزد اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ حکومتی اقدام کے تحت 180 دنوں میں 100 اہداف حاصل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
قبائلی عمائدین کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، جبکہ جاری انتظامی اصلاحات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے کونسل اراکین کی آرا اور تجاویز حاصل کی جائیں گی۔
اجلاس میں 12 نامزد اضلاع کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے قبائلی عمائدین سے مشاورت کی جائے گی۔ امن کے قیام اور ترقیاتی عمل میں مقامی آبادی کی شمولیت بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
اجلاس کا بنیادی مقصد امن، ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے حکومت اور مقامی نمائندوں کے درمیان مشاورتی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
