چین نے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن کے دوران ان کی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلال کھانوں کا خصوصی انتظام کیا ہے۔
محمد ذیشان علی چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں روانہ ہوئے۔ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز نے روانگی کے 3 گھنٹے اور 38 منٹ بعد کامیابی سے چینی خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ کے ساتھ اتصال مکمل کیا۔
چینی خلائی پروگرام سے متعلق رپورٹس کے مطابق چائنا ایسٹروناٹ سینٹر نے محمد ذیشان علی کے لیے حلال خوراک کا انتظام کیا ہے تاکہ خلائی مشن کے دوران ان کی غذائی ضروریات پوری کی جاسکیں۔
یہ اقدام غیر ملکی خلا بازوں کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کے دوران ان کی ثقافتی اور غذائی ضروریات کا خیال رکھنے کی چینی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
خلائی مشنز کے لیے خوراک کی تیاری، پروسیسنگ، پیکنگ اور ذخیرہ کرنے کے خصوصی طریقہ کار اختیار کیے جاتے ہیں تاکہ خلا میں خوراک محفوظ اور استعمال کے قابل رہے۔
تاہم چینی حکام نے تاحال حلال خوراک فراہم کرنے والے ادارے، تیار کردہ مخصوص کھانوں اور کسی تسلیم شدہ ادارے سے حلال سرٹیفکیشن سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی عسکری قیادت نے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کو ممکن بنانے میں معاونت اور تعاون پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے اس تاریخی کامیابی پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد دی ہے۔
عسکری قیادت نے پاکستانی سائنسدانوں اور محققین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے خلائی پروگرام کی ترقی میں چین کے تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔