آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا

آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر نامعلوم سمت سے میزائل اور پروجیکٹائل حملوں اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1.6 فیصد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 1.9 فیصد نیچے آگئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں ایک ڈالر 47 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 89 ڈالر 93 سینٹ ہوگئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی ایک ڈالر 52 سینٹ کم ہوکر 80 ڈالر 53 سینٹ فی بیرل پر آگئی، جو گزشتہ قیمت کے مقابلے میں 1.9 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی ممکنہ اضافی رسد قرار دی جارہی ہے۔ آبنائے ہرمز اور متبادل راستوں کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رہنے کے ساتھ متعدد آئل تنصیبات بھی دوبارہ فعال ہوچکی ہیں، جس سے عالمی سپلائی بہتر ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں اس کے علاوہ 2027 میں عالمی سطح پر تیل کی پیداوار میں اضافے کی توقعات اور طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے خدشات بھی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی، امریکی خام تیل 80 ڈالر سے نیچے آگیا

عالمی منڈی کے سرمایہ کاروں اور تیل کے کاروبار سے وابستہ حلقوں کی توجہ اب 29 نومبر کو ہونے والے اوپیک پلس کے اجلاس پر مرکوز ہے۔ اجلاس میں 2027 کے لیے تیل کی پیداواری پالیسی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، جن کا اثر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 20 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں ایک لاکھ 26 ہزار بیرل کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ برطانوی بحری تجارتی ادارے کے مطابق پیر کے روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین بحری جہاز نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل حملوں کا نشانہ بنے تھے، جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بھی ایک بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

خطے میں بحری جہازوں کی سلامتی اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات برقرار رہنے کے باوجود عالمی منڈی میں قیمتوں کی کمی ظاہر کرتی ہے کہ اس وقت سرمایہ کاروں کی توجہ جغرافیائی کشیدگی کے ساتھ ساتھ مستقبل میں تیل کی رسد اور طلب کے توازن پر بھی مرکوز ہے۔

editor

Related Articles