پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس دو روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اجلاس کے دوران بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے اور مستقبل میں شراکت داری کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں منعقدہ بین الحکومتی کمیشن کے 10ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان اور روس نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا۔
دونوں ممالک نے منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے، کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے مستقبل میں بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔
