کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران شہر میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی اور انتہائی خستہ حال عمارتوں کے گرنے کے 45 سے زائد واقعات پیش آئے، جن میں کم از کم 160 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
یہ عرصہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی کے دور سے جڑا ہوا ہے، 2008 سے صوبے میں مسلسل اقتدار رکھنے والی پیپلز پارٹی کی حکومت کے سامنے کراچی کی تباہ حال عمارتیں، غیر قانونی تعمیرات اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ ایک بڑا سوال بن چکا ہے،بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے دعووں کے باوجود صوبے کے سب سے بڑے شہر میں شہریوں کو محفوظ عمارتوں کی ضمانت تک میسر نہیں۔
45 سے زائد واقعات، 160 قیمتی جانیں ضائع
کراچی میں عمارتوں کے انہدام کے واقعات کسی ایک علاقے یا ایک سال تک محدود نہیں رہے، گزشتہ دو دہائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتیں، دکانیں اور تعمیراتی ڈھانچے گرتے رہے۔ ہر بڑے حادثے کے بعد تحقیقات، نوٹس اور کارروائیوں کے اعلانات سامنے آئے، لیکن خطرناک عمارتوں اور غیر قانونی تعمیرات کا مسئلہ برقرار رہا۔
لیاری، گل بہار اور دیگر علاقوں میں بڑے سانحات
2008 میں بلدیہ ٹاؤن کی سوات کالونی میں تین منزلہ عمارت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ 2011 میں لیاری کی موسیٰ لین میں عمارت گرنے سے 33 افراد جان سے گئے۔
2017 میں لیاقت آباد میں تین منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے، 2019 میں ملیر کی جعفر طیار سوسائٹی میں عمارت گرنے سے بھی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
2020 کراچی کے لیے عمارتوں کے انہدام کے حوالے سے انتہائی ہلاکت خیز سال ثابت ہوا مارچ میں گل بہار، سابقہ گولیمار، میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ جون میں لیاری میں پانچ منزلہ عمارت کے انہدام نے 22 جانیں لے لیں،اسی سال کورنگی کے اللہ والا ٹاؤن اور لیاری کے دیگر علاقوں میں بھی عمارتیں گرنے کے واقعات پیش آئے۔
اکتوبر 2023 میں شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے پانچ مزدور جاں بحق ہوئے، دسمبر 2023 میں مچھر کالونی میں گیس سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت منہدم ہوئی اور تین افراد جان سے گئے۔
2025 میں لیاری کا المناک سانحہ
4 جولائی 2025 کو لیاری کے علاقے بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے، یہ عمارت پہلے ہی خطرناک قرار دی جاچکی تھی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے رہائشیوں کو عمارت خالی کرنے کے نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے، لیکن عمارت میں لوگ رہائش پذیر رہے،اسی سال لیاری کے کھڈا مارکیٹ علاقے میں بھی عمارت کا بالائی حصہ گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے، بھینس کالونی میں رہائشی عمارت کے جزوی انہدام سے ایک بچی کی جان بھی چلی گئی۔
2026 میں بھی شہری محفوظ نہ ہوسکے
رواں سال فروری میں سولجر بازار کی گل رعنا کالونی میں گیس دھماکے کے باعث رہائشی عمارت کا حصہ منہدم ہوا، جس میں 15 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے،ستمبر میں اورنگی ٹاؤن میں خستہ حال سرکاری اسکول کی دیوار گرنے سے پانچ افراد جان سے گئے، نومبر میں نیا ناظم آباد فلائی اوور کے قریب دکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ 25 نومبر کو بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالات
کراچی میں عمارتوں کی تعمیر، نقشوں کی منظوری، تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کی بنیادی ذمہ داری سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر عائد ہوتی ہے۔
اس کے باوجود شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور خستہ حال عمارتوں کا سلسلہ جاری رہنا ادارے کی نگرانی اور حکومتی انتظامی صلاحیت پر سوالات اٹھاتا ہے۔
2025 میں لیاری کے المناک سانحے کے بعد حکام نے کراچی میں 588 عمارتوں کو خطرناک قرار دیے جانے کا بتایا تھا، ان میں سے 456 عمارتیں ضلع جنوبی میں واقع تھیں، جبکہ 107 عمارتیں صرف لیاری میں موجود تھیں، اس کے باوجود خطرناک عمارتوں سے شہریوں کا انخلا اور ان کے لیے متبادل رہائش کا انتظام ایک بڑا مسئلہ بنا رہا۔
پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی، جواب دہی کون کرے گا؟
سندھ میں تقریباً 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ اس عرصے میں کراچی کے شہریوں کو محفوظ رہائش، تعمیراتی قوانین کے مؤثر نفاذ اور خطرناک عمارتوں سے تحفظ فراہم کرناصوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری تھی، لیکن بار بار ہونے والے انہدامی واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ محض نوٹس جاری کرنا اور حادثے کے بعد تحقیقات کا اعلان کرنا کافی نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ کی ترقی کے دعوے کرتی ہے، لیکن کراچی میں عمارتوں کے گرنے سے ہونے والی ہلاکتیں ان دعووں کے سامنے ایک تلخ حقیقت بن کر کھڑی ہیں۔
شہریوں کا سوال ہے کہ جب حکومت کے پاس خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کا ریکارڈ موجود ہے تو انہیں محفوظ بنانے، خالی کرانے اور غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے بروقت اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے؟
ترقی کے نعروں سے آگے عملی تحفظ کی ضرورت
کراچی کے شہریوں کو ہر حادثے کے بعد افسوس، نوٹس اور تحقیقات کے اعلانات نہیں بلکہ ایسا مؤثر نظام درکار ہے جو عمارت گرنے سے پہلے خطرے کو روک سکے،غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی، خطرناک عمارتوں کا انخلا، تعمیراتی معیار کی جانچ اور متعلقہ اداروں کی جواب دہی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
دو دہائیوں میں 45 سے زائد انہدامی واقعات اور کم از کم 160 ہلاکتیں محض اعدادوشمار نہیں بلکہ ان خاندانوں کی تباہی کی داستان ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو عمارتوں کے ملبے تلے کھو دیا، پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی اور بلاول بھٹو کے ترقیاتی بیانیے کے سامنے اب سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کراچی کے شہریوں کی جانوں کا تحفظ کب حکومت کی حقیقی ترجیح بنے گا؟
