خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس اسٹرکچر متعارف کرانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یکساں فیس نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی اور سرکاری میڈیکل کالجوں میں فیسوں کے حوالے سے موجود فرق کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کے ٹیچنگ اسپتالوں میں میڈیکل سیٹس سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکریٹری صحت مطیع اللہ، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان اور صوبے کے 12 ٹیچنگ اسپتالوں کے ڈینز نے شرکت کی۔
2026-27 کے داخلوں اور میڈیکل سیٹس پر تفصیلی بریفنگ
اجلاس کے دوران وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان نے گورنر کو تعلیمی سال 2026-27 کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،گورنر کو صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس، بجٹ، اضافی نشستوں، فیسوں اور دیگر انتظامی امور سے متعلق درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
سرکاری میڈیکل کالجوں کے ڈینز کی شرکت
اجلاس میں خیبر میڈیکل کالج، خیبر گرلز میڈیکل کالج، ایوب میڈیکل کالج، باچا خان میڈیکل کالج، باچا خان ڈینٹل کالج، نوشہرہ میڈیکل کالج اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے ڈینز نے میڈیکل سیٹس سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں،اسی طرح سیدو میڈیکل کالج، بنوں میڈیکل کالج اور گجو خان میڈیکل کالج کے ڈینز نے بھی گورنر کو اپنے اداروں میں نشستوں کی تقسیم اور متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔
غریب اور مستحق طلبہ کو ریلیف دینے پر زور
فیصل کریم کنڈی نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سرکاری ٹیچنگ میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس اسٹرکچر متعارف کرانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیسوں کے یکساں نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم جاری رکھنے میں آسانی ہوگی اور انہیں غیر یکساں فیسوں کے باعث درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
ضم شدہ اضلاع اور دیگر علاقوں کے طلبہ کی نشستیں بھی زیرِ بحث
اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے صوبے کے میڈیکل کالجوں میں مختص نشستوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میڈیکل کالجوں کی نشستیں کم کیے جانے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیکل تعلیم کے مواقع برقرار رکھنے، فیسوں میں یکسانیت اور مستحق طلبہ کی سہولت کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے اقدامات کریں۔
