سندھ کے شہری جدید دور میں بھی بنیادی سہولتوں سے محرومی پر پھٹ پڑے، سڑکوں کی تباہ حال صورتحال، اسپتالوں میں ناقص نظام، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی اور خواتین کی میلوں دور سے پانی لانے کی مشکلات نے عوامی غصے کو بڑھا دیا۔
شہریوں نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں میسر آسکیں۔
عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی شدت اختیار کررہا ہے کہ اگر موجودہ انتظامی نظام شہریوں کو صاف پانی، صحت، تعلیم، بہتر سڑکیں اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم نہیں کرسکا تو اس میں بہتری کے لیے نئے انتظامی یونٹس بنانے کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے؟ شہریوں کا مؤقف ہے کہ انتظامی تبدیلی کا مقصد کسی علاقے یا زبان کی بنیاد پر تقسیم نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے۔
سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث نے ایک مرتبہ پھر سیاسی ماحول گرم کردیا ہے۔ ایک طرف پیپلز پارٹی کی قیادت صوبے کی تقسیم کی مخالفت کررہی ہے تو دوسری جانب کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے مسائل مسلسل سامنے آرہے ہیں۔ ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں کی مخالفت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
شہری مسائل بے قابو
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، صفائی کے ناقص انتظامات، نکاسی آب کے مسائل اور پینے کے پانی کی قلت شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔
کئی علاقوں میں خواتین اور بچوں کو روزمرہ ضروریات کے لیے دور دراز مقامات سے پانی لانا پڑتا ہے۔
صحت کے شعبے میں بھی شہریوں کی شکایات کم نہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں علاج، ادویات اور طبی سہولتوں کی دستیابی کے حوالے سے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں صورتحال مزید مشکل ہوجاتی ہے جہاں بعض آبادیوں کو علاج کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی دعوؤں کے باوجود عام آدمی کی زندگی میں بنیادی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ ان کے مطابق بڑے شہروں سے دور علاقوں میں رہنے والے افراد کو سرکاری اداروں تک رسائی اور روزمرہ سہولتوں کے حصول کے لیے اضافی مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔
اسمبلی میں بھی عوامی مسائل کی گونج
شہریوں کی مشکلات کا معاملہ صرف سیاسی مخالفین کے بیانات تک محدود نہیں رہا بلکہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی ارکان نے گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت، بجلی کے بھاری بلوں اور کچی آبادیوں میں شہری سہولتوں کی خراب صورتحال کی نشاندہی کی ہے۔
اسمبلی میں اٹھائے گئے سوالات نے صوبے میں شہری خدمات کی فراہمی اور حکومتی ترجیحات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مسئلہ اب سندھ کی سیاست میں بھی اہم موضوع بن چکا ہے۔
نئے صوبے اور انتظامی یونٹس کا مطالبہ
نئے صوبوں کے حامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ سندھ جیسے بڑے صوبے میں انتظامی اختیارات اور وسائل کی مؤثر تقسیم کے لیے نئے انتظامی یونٹس پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر بااختیار انتظامیہ قائم ہونے سے شہریوں کو سرکاری دفاتر، اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر سہولتوں تک رسائی آسان ہوسکتی ہے۔
بلاول بھٹو کے مؤقف پر سوالات
نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف بھی بحث کا مرکز ہے۔ وہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے اس معاملے پر سندھ اسمبلی کی قراردادوں کا حوالہ دیتے رہے ہیں۔
27 اکتوبر کو انہوں نے نئے صوبوں کی بحث ختم کرنے پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ سندھ کے منتخب نمائندے اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔
