پیپلزپارٹی کو نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس سے خوف کیوں ہے؟ سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہ ہونے پر پیپلزپارٹی کی قیادت سے سوالات اٹھ گئے۔
رکن سندھ اسمبلی شارق جمال نے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے والی جماعت آج نئے انتظامی یونٹس کی مخالفت کر رہی ہے۔
شارق جمال نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے اقتدار میں رہنے والی پیپلزپارٹی کو اپنی کارکردگی کا حساب دینا چاہیے۔ 22 ہزار ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود کراچی بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہے۔ شہریوں کو آج بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے جن کا حل ایک طویل عرصے سے زیرالتوا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پیپلزپارٹی نے سندھ میں اتنے طویل عرصے تک حکومت کی ہے تو پھر نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کی وجہ کیا ہے؟ کیا عوام کو بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بھی سیاسی مفادات کے خلاف ہے؟
رکن سندھ اسمبلی کے مطابق کراچی جیسے بڑے شہر کے مسائل کا حل صرف سیاسی نعروں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے مؤثر انتظامی ڈھانچے، بااختیار مقامی نظام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بلاول بھٹو کے ترقیاتی بیانیے کو ملبے تلے دبی چیخوں کا سامنا، پیپلزپارٹی کی 18 سالہ حکمرانی بھی کراچی کو محفوظ چھت نہ دے سکی
شارق جمال نے مؤقف اختیار کیا کہ نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کا قیام عوام کو ان کی دہلیز پر اختیارات، انصاف اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مؤثر راستہ بن سکتا ہے۔ انتظامی اختیارات کو مقامی سطح تک منتقل کرنے سے شہریوں کے مسائل کے حل میں آسانی پیدا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کے بجائے شہر کے مسائل اور عوامی ضروریات کو ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کی مخالفت کرنے سے پہلے سندھ میں ہونے والے اخراجات اور عوام کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ بھاری ترقیاتی اخراجات کے باوجود ان کے بنیادی مسائل کیوں برقرار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم میں کوئی آئینی رکاوٹ نہیں، بہتر گورننس کے لیے نئے صوبے بننا ضروری ہیں، بیرسٹر عقیل ملک


