وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم ہو یا آئینی ترمیم، معاملہ پارلیمنٹ میں ہی آئے گا، تاہم سیاسی جماعتوں کو عوامی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اگر ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو سیاسی جماعتوں کو اس فیصلے کا احترام کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم سے آئین کا آرٹیکل 239 غیر مؤثر نہیں ہوگا، تاہم عوام کی رائے کو عوامی نمائندوں کی رائے سے کمتر نہیں سمجھا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا میں نئے صوبے بن سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ خواجہ آصف نے ذاتی ایجنڈے والوں کو بے نقاب کر دیا
وزیر مملکت برائے قانون نے عدالتی مقدمات کی براہ راست نشریات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل مقدمات کی لائیو اسٹریمنگ ہوتی ہے، ہر مقدمے کی نہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کو ڈکیتی کا مقدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
پروگرام میں پیپلز پارٹی کی ناز بلوچ اور تحریک انصاف کے شفقت اعوان نے بھی شرکت کی۔
