امریکا نے عالمی تجارت میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے 14 بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے درآمدی محصولات عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس فیصلے سے عالمی تجارتی منڈیوں میں نئی ہلچل پیدا ہونے کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے محصولات مختلف ممالک کی مینوفیکچرنگ صنعتوں میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت اور پیداوار سے متعلق تحقیقات کے بعد عائد کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں امریکی حکام نے 14 بڑے تجارتی شراکت داروں کو تحقیقات میں شامل کیا ہے۔ ان میں چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویت نام، تائیوان، بنگلادیش، جاپان اور بھارت شامل ہیں۔
اعلان کردہ پالیسی کے تحت تمام ممالک پر یکساں محصولات عائد نہیں ہوں گے بلکہ ملک اور مصنوعات کی نوعیت کے مطابق مختلف شرحیں مقرر کی جائیں گی۔
چین کو اس فیصلے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں درآمدی مصنوعات پر ٹیرف کی شرح 40 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ ویت نام کے لیے یہ شرح 35 فیصد تک مقرر کی گئی ہے جبکہ دیگر ممالک کی مصنوعات پر 20 سے 25 فیصد تک محصولات عائد ہوں گے۔
تاہم بعض ممالک کو عملی طور پر نسبتاً کم ٹیرف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی متعدد ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں محصولات کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کر چکے ہیں۔
نئے اعلان سے عالمی تجارتی تعلقات میں امریکی پالیسی کی سختی ایک مرتبہ پھر نمایاں ہوگئی ہے۔ بالخصوص ایشیائی برآمدی معیشتوں کے لیے یہ فیصلہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ فہرست میں شامل متعدد ممالک کی معیشتوں کا بڑا انحصار امریکی منڈی تک رسائی پر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وسیع پیمانے پر عائد کردہ سابقہ تجارتی محصولات کو مسترد کر چکی ہے۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے نئے محصولات کا اعلان سامنے آیا ہے۔