قاہرہ میں قیامت خیز دھماکا، پیٹرولیم ٹینکر میں بھڑکنے والی آگ 30 سے زائد زندگیاں نگل گئی

قاہرہ میں قیامت خیز دھماکا، پیٹرولیم ٹینکر میں بھڑکنے والی آگ 30 سے زائد زندگیاں نگل گئی

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیٹرولیم مصنوعات سے بھرے ٹرک میں خوفناک دھماکے نے تباہی مچا دی، حادثے کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد  زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد بھڑکنے والی آگ نے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مصری وزارت صحت و آبادی کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 19 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق یہ المناک حادثہ قاہرہ کی رنگ روڈ کے قریب امبابا کے علاقے وراق میں ٹنل نمبر 10 کے اوپر پیش آیا۔ پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ تیزی سے پھیلی اور قریب سے گزرنے والی متعدد گاڑیاں بھی اس کی زد میں آگئیں۔
مصر کی وزارت پیٹرولیم نے ابتدائی طور پر بتایا کہ نجی کمپنی کے آئل ٹینکر کو تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا جس کے بعد اس میں دھماکا ہوا۔
واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے لیے امدادی ٹیموں نے فوری اقدامات کیے۔ حادثے کی وجوہات اور نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

editor

Related Articles