وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں ادارے کی کارکردگی اور اسے درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ این آئی ایچ بیماریوں کی نگرانی، عوامی صحت، طبی تحقیق، ویکسین اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبوں میں مرکزِ امتیاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں بورڈ آف گورنرز نے وزیراعظم کو ادارے کو درپیش قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل پر بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم نے دیرینہ مسائل کے فوری حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں بیماریوں کی مؤثر نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط اقدامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ملاقات میں این آئی ایچ کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
