سینئر سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کراچی میں سندھ کی تقسیم کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں پاکستان، افواج پاکستان اور پنجابیوں کے خلاف مبینہ نعرے بازی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ تمام سرگرمیاں سندھ حکومت، پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی سرپرستی میں ہوئیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں سے فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ قانون کی بالادستی بروقت یقینی نہ بنائی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
آزاد سیاست پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے سب سے پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان علی پاکستان کا بہادر سپوت اور ایک نامور جوان ہے، جس نے اپنی کامیابی سے پاکستان کے نام ایک اور تاریخی اعزاز لکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے صرف 45 ممالک کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے شہری، سائنسدان یا خلا باز خلا میں پہنچے ہیں۔ محمد ذیشان علی نے چین کے تعاون سے خلائی مشن میں حصہ لے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ذیشان علی کی کامیابی ان لوگوں کے بیانیے کی شکست ہے جو گزشتہ پانچ برسوں سے، خصوصاً 9 مئی کے واقعات کے بعد، پاکستان کی تباہی اور بربادی کی پیش گوئیاں کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم بعض یوٹیوبرز، وی لاگرز اور پاکستان میں موجود سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر ذاتی مفادات اور بیرونی ایجنڈوں کے تحت مسلسل یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ پاکستان تباہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے 9 مئی سے وابستہ عناصر، بی ایل اے، ٹی ٹی پی، پی ٹی ایم اور ان کے مبینہ سوشل میڈیا حامیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر توقع کر رہے تھے کہ پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوجائیں گے، ملکی انفراسٹرکچر تباہ ہوجائے گا، بغاوتیں ہوں گی، خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوگی اور حالات ریاست اور حکومت کے قابو سے باہر ہوجائیں گے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ان تمام منفی توقعات کے برعکس پاکستان نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز حاصل کیا ہے۔ پاکستان دنیا کی چند ایٹمی طاقتوں میں شامل اور مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، جبکہ مضبوط، مربوط اور منظم میزائل ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اب پاکستان خلا میں اپنے شہری کو بھیجنے والے ممالک کی فہرست میں بھی شامل ہوگیا ہے۔
انہوں نے محمد ذیشان علی کی مزید کامیابیوں، عزت اور وقار کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پاکستان کے ہر نوجوان کے لیے ایک پیغام ہے۔ نوجوان جس بھی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، انہیں آگے بڑھ کر اپنے ملک، معاشرے اور قوم کا نام روشن کرنا چاہیے۔
کراچی میں سندھ کی تقسیم کے خلاف ہونے والے مظاہرے پر گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ یہ سرگرمی پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت سندھ حکومت، پیپلز پارٹی، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی سرپرستی میں منعقد کی گئی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرے کے بعد سامنے آنے والی صورتحال، حکومتی رویہ اور اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ اس سرگرمی کو سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت حاصل تھی۔
فیاض الحسن چوہان نے جیے سندھ سمیت بعض قوم پرست گروہوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں کو سندھ میں وسیع عوامی پذیرائی حاصل نہیں رہی، تاہم گزشتہ کئی برسوں کے دوران پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں انہیں سیاسی طور پر دوبارہ ابھارنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت براہ راست ریاست، ریاستی اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کو چیلنج کرنے کی جرات نہیں رکھتی، کیونکہ اس کی اپنی قیادت پر کرپشن، اقربا پروری، لوٹ مار، بھتہ خوری، غنڈہ گردی اور دیگر سنگین نوعیت کے الزامات موجود ہیں۔
سابق صوبائی وزیر نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے محلات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی تعمیر اور سیاسی اثرورسوخ کے پیچھے مبینہ کرپشن، بھتہ خوری، ماہانہ رقوم کی وصولی، تشدد اور قتل و غارت گری جیسے معاملات کارفرما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے براہ راست ریاستی اداروں کو چیلنج کرنے کے بجائے بعض قوم پرست گروہوں کو آگے کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ ان گروہوں کو مظاہروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاتا ہے، ان کے لیے سڑکیں کھولی جاتی ہیں، ناکہ بندیاں ختم کی جاتی ہیں، ٹرانسپورٹ، مالی وسائل، افرادی قوت اور ضروری انفراسٹرکچر فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دے سکیں۔
انہوں نے ان گروہوں کو بیرونی طاقتوں، بھارت اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی مبینہ حمایت حاصل ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں نئے صوبوں کے قیام کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اگر انہیں سندھ کی تقسیم پر اعتراض ہے تو وہ تاریخی حقائق، منطق، آئینی نکات اور دلائل کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کریں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ مظاہرین کو ثابت کرنا چاہیے تھا کہ سندھ کی موجودہ جغرافیائی حدود، انتظامی تقسیم اور علاقائی ساخت تاریخی طور پر ہمیشہ اسی حالت میں رہی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اگر ہزاروں سال پرانی تاریخ کو چھوڑ بھی دیا جائے تو مظاہرین کم از کم گزشتہ پانچ سو برس یا 1947 سے اب تک کے تاریخی حقائق کی بنیاد پر ثابت کرتے کہ سندھ کا موجودہ جغرافیہ اور انتظامی ڈھانچہ تبدیل نہیں ہوا اور اس میں مزید تبدیلی کیوں ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرنے والوں کو صوبائی حکومت کی کارکردگی بھی عوام کے سامنے رکھنی چاہیے تھی۔ انہیں بتانا چاہیے تھا کہ سندھ حکومت کی بہتر انتظامی کارکردگی کے نتیجے میں صوبے میں خوشحالی آئی، غربت اور بے روزگاری ختم ہوئی، زرعی پیداوار بڑھی، قدرتی اور معدنی وسائل سے معیشت مضبوط ہوئی اور ان ترقیاتی اقدامات کے ثمرات پورے پاکستان تک پہنچے۔
فیاض الحسن چوہان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مظاہرین اپنی تقاریر میں یہ ثابت کرتے کہ سندھ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، صوبے کی زمین سے سونا، چاندی، ہیرے، جواہرات اور قیمتی معدنیات نکل رہی ہیں اور سندھ حکومت کی بہترین کارکردگی سے عوام خوشحال ہوچکے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تاریخی حقائق اور حکومتی کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے مظاہرے میں پاکستان، افواج پاکستان اور پنجابیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
فیاض الحسن چوہان نے سوال اٹھایا کہ مظاہرے میں یہ نعرے کس کی ہدایت پر لگائے گئے اور اب تک ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات کیوں درج نہیں کیے گئے؟
انہوں نے کہا کہ اگر کراچی، حیدرآباد، بدین یا جامشورو میں کوئی شہری آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آجائے تو 24 گھنٹوں کے اندر اس کے خلاف مقدمہ درج کردیا جائے گا، پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی اور ممکنہ طور پر اسے حراست میں لے لیا جائے گا۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر سندھ میں کوئی عام شہری بلاول بھٹو کے خلاف سوشل میڈیا پر کوئی تبصرہ کردے تو کیا وہ شہری آزادانہ طور پر اپنی زندگی گزار سکے گا؟
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اگر کراچی کی کسی اہم شاہراہ یا طارق روڈ پر چند افراد جمع ہوکر بے نظیر بھٹو یا ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف الزامات عائد کریں یا نازیبا زبان استعمال کریں تو کیا سندھ حکومت انہیں اسی طرح آزادی دے گی؟
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف سندھ تک محدود نہیں، پورے پاکستان میں اقتدار، وزارتوں، وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمیٰ پر فائز سیاسی خاندانوں کے خلاف کوئی جائز یا ناجائز بات سامنے آنے پر قانون فوری حرکت میں آجاتا ہے، مقدمات درج ہوتے ہیں اور پیکا ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ جب سیاسی قیادت کی عزت اور وقار کے معاملے پر فوری کارروائی ہوتی ہے تو پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف مبینہ نعرے بازی پر خاموشی کیوں اختیار کی گئی ہے؟
سابق صوبائی وزیر نے پنجابیوں کے خلاف مبینہ نازیبا زبان استعمال کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کی بحث صرف سندھ تک محدود نہیں، پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے سمیت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجاویز زیر بحث رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں پنجابیوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔ ملک میں منفی سیاست کرنے والے بعض عناصر سب سے پہلے پنجاب اور پنجابیوں کو تنقید اور نفرت کا نشانہ بناتے ہیں، یہ طرزِ سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ واقعے کو پانچ سے چھ روز گزرنے کے باوجود اگر کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی تو ریاستی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وفاقی سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر اس طرزِ عمل کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
انہوں نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کی بنیادی وجہ قانون کی بالادستی اور ریاستی رٹ کا بروقت نفاذ نہ ہونا تھا۔
فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ اپریل 2022 میں جس وقت بانی تحریک انصاف نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو براہ راست یا بالواسطہ غدار قرار دیا تھا، اگر اسی وقت ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی تو 9 مئی کی صورتحال اس نہج تک نہ پہنچتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ابتدائی دو ماہ کے دوران بانی تحریک انصاف، پی ٹی آئی کی قیادت، اس کی سوشل میڈیا ٹیموں اور کارکنوں کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جاتی تو ریاست کو گزشتہ چار برسوں کے دوران اتنی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، ریاستی مشینری پر اربوں روپے خرچ نہ ہوتے اور ملکی سیاست، معاشرت، ثقافت اور سماجی رویوں کو نقصان نہ پہنچتا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ انتظامی امور کا بنیادی اصول یہ ہے کہ کسی بھی مجرمانہ سرگرمی یا قانون شکنی کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے، کیونکہ تاخیر کی صورت میں قانون شکن عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ان کا اثرورسوخ بڑھتا ہے اور وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے لگتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے، تاہم پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں اسے مثبت مقاصد کے بجائے منفی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی شخص کی قانون شکنی پر کارروائی نہیں ہوتی تو وہ سوشل میڈیا پر خود کو ہیرو کے طور پر پیش کرتا ہے، اپنی سرگرمیوں کو کامیابی قرار دیتا ہے اور دوبارہ اسی طرزِ عمل کو اختیار کرتا ہے۔
ان کے مطابق ایسے افراد کو دیکھ کر دیگر لوگ بھی منفی بیانیے کا حصہ بننے لگتے ہیں، یہاں تک کہ وہ افراد بھی سرگرم ہوجاتے ہیں جو پہلے ایسی سرگرمیوں سے دور تھے۔ بتدریج یہ تعداد بڑھتی ہے اور پھر معاملات ریاست، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مشکلات پیدا کردیتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر فوری کارروائی کرنا ان کی بھی ذمہ داری ہے، کیونکہ مظاہرے کی تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں۔
انہوں نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی سوال کیا کہ سندھ حکومت اس معاملے پر کہاں ہے اور اب تک ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، آئین اور اخلاقیات پر لیکچر دینے والے رہنما پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف مبینہ نعرے بازی پر خاموش کیوں ہیں؟
انہوں نے رضا ربانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد قائداعظم محمد علی جناح کے اے ڈی سی رہے ہیں، اس نسبت سے بھی ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ کی تقسیم اور نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے بعض رہنما پارٹی قیادت کو خوش کرنے، جماعت میں اپنا مقام برقرار رکھنے، سینیٹ کے ٹکٹ، اسمبلی کی رکنیت اور سرکاری پروٹوکول حاصل کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر آواز اٹھاتے ہیں، لیکن پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف مبینہ نعرے بازی پر خاموش ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے رضا ربانی کی جانب سے نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم یا ریفرنڈم کو چیلنج کرنے والے رضا ربانی کو اس معاملے پر بھی آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنا کسی کا سیاسی مؤقف ہوسکتا ہے، لیکن اس کے لیے پاکستان کے قیام سے پہلے، قیام پاکستان کے وقت اور اس کے بعد کے تاریخی حقائق، جغرافیائی پس منظر، اعداد و شمار، منطق اور دلائل پیش کیے جانے چاہئیں۔
سابق صوبائی وزیر نے الزام دہرایا کہ کراچی کے مظاہرے میں پاکستان کے خلاف نازیبا زبان محض مظاہرین نے ازخود استعمال نہیں کی بلکہ سندھ حکومت، مراد علی شاہ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی مبینہ سرپرستی میں ایسا کروایا گیا، جس کی تحقیقات اور قانونی کارروائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف مبینہ نعرے بازی سے ان سمیت ہر محب وطن پاکستانی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور بطور پاکستانی اس معاملے پر آواز اٹھانا وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ میرا بلڈ گروپ ’پی پلس‘ یعنی پاکستان پلس ہے، نہ میں پنجابی ہوں، نہ سندھی، نہ بلوچ اور نہ پختون، میری قوم پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’جیوے جیوے پاکستان، راج دلارا پاکستان، آنکھ کا تارا پاکستان، اول و آخر پاکستان، سب سے پہلے پاکستان اور پاکستان سے آگے کچھ بھی نہیں۔‘‘
