فضل الرحمان کا فرنٹ مین امان اللہ افغان شہری نکلا، غیر ملکی شہریت کی تصدیق کے بعد رہائش گاہ سیل کرنے کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

فضل الرحمان کا  فرنٹ مین امان اللہ  افغان شہری نکلا،  غیر ملکی شہریت  کی تصدیق کے بعد   رہائش گاہ سیل کرنے کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد میں امان اللہ نامی شخص کی رہائش گاہ سیل کرنے کے معاملے پر پولیس ذرائع نے اصل صورت حال واضح کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد الرحمان کی گرفتاری اور اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

باوثوق پولیس ذرائع کے مطابق فضل الرحمان کے مبینہ فرنٹ مین امان اللہ کی غیر ملکی شہریت کی تصدیق کے بعد حکومت نے فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت ان کی جائیدادیں سیل کرنے کے احکامات جاری کیے، جن میں گلبرگ گرینز اور سیکٹر جی سکس فور میں واقع 1200 مربع گز کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور متعلقہ سرکاری اداروں نے آج سیکٹر جی سکس فور میں واقع رہائش گاہ کو سیل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی۔ کارروائی میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں۔

سرکاری اہلکاروں کی آمد پر معلوم ہوا کہ امان اللہ کی رہائش گاہ میں مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور اہل خانہ مقیم ہیں۔ اہل خانہ کو سرکاری احکامات سے آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے سامان منتقل کرنے کے لیے چند گھنٹوں کی مہلت طلب کی، جو انہیں فراہم کردی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق خواتین پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں اہل خانہ نے اپنا تمام سامان پیک کرکے تین گاڑیوں میں منتقل کیا اور بحفاظت رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔ اس دوران اہل خانہ کے ساتھ کسی قسم کی بدتمیزی نہیں کی گئی اور تمام کارروائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی گئی۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اہل خانہ کی روانگی کے بعد فضل الرحمان کے بیٹے اسجد الرحمان نے گھر کے باہر احتجاج شروع کردیا اور پولیس اہلکاروں پر گرفتاری کے لیے اصرار کرتے رہے، جبکہ فضل الرحمان کے داماد کی جانب سے بھی شور شرابہ کیا گیا، جس کے باعث اہل علاقہ جمع ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ موقع پر جمع ہونے والے بعض اہل علاقہ کی تصاویر کو جمعیت علمائے اسلام کے سوشل میڈیا پر فضل الرحمان کے اہل خانہ کی تصاویر قرار دے کر پیش کیا جارہا ہے، حالانکہ اہل خانہ اس سے پہلے ہی اپنا سامان لے کر روانہ ہوچکے تھے۔

ذرائع کے مطابق تمام تر صورت حال کے باوجود سرکاری اہلکاروں نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے رہائش گاہ سیل کردی، جبکہ اسجد الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے واضح کیا کہ کارروائی سرکاری احکامات کے تحت امان اللہ کی جائیداد کے خلاف کی گئی، نہ کہ فضل الرحمان کے اہل خانہ کے خلاف۔

پولیس ذرائع کے ان دعوؤں اور جائیداد سیل کرنے کے قانونی احکامات کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام کا تفصیلی مؤقف بھی فراہم کردہ معلومات میں شامل نہیں۔

Related Articles