خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کوہاٹ ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران اتحاد المجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کارروائی تھانہ صدر ہنگو کی حدود میں کمپنی روڈ نزد نیلم پہاڑ کے علاقے میں کی گئی، جہاں گزشتہ چند روز سے دہشتگردوں کی موجودگی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت خلفان احمد ولد نظیر احمد سکنہ بنوں کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خلفان احمد دہشتگردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا اور ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت جبکہ 15 سے زائد پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعات میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


