شدید دھند نے موٹرویز پر ٹریفک روک دی،لاہور سمیت اہم شاہراہوں کے متعدد حصے بند

شدید دھند نے موٹرویز پر ٹریفک روک دی،لاہور سمیت اہم شاہراہوں کے متعدد حصے بند

پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر موٹروے پولیس نے مختلف اہم شاہراہوں کے متعدد حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ موٹرویز کی بندش کے باعث لاہور، فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں، کوٹ مومن اور عبدالحکیم کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جبکہ ایم 4 پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم 4 پر عبدالحکیم سے فیصل آباد تک بھاری ٹریفک کی آمدورفت بھی روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور اور سیالکوٹ کو ملانے والی موٹروے ایم 11 کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ ان شاہراہوں پر ٹریفک کی بندش کا مقصد کم حدِ نگاہ کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :‘بات بے نامی جائیدادوں سے آگے بڑھ گئی’ فضل الرّحمان کی رہائش گاہ سے افغان اسمگل شدہ ’وی-8 ‘ نان کسٹم پیڈ گاڑی برآمد ٹیکس چوری، اسمگلنگ کا دھندا بھی بے نقاب

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر ناگزیر ہونے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دھند میں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق شاہراہوں کی بندش عوامی تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو چاہیے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹرویز کی تازہ صورتحال معلوم کرلیں تاکہ راستے میں پریشانی سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles