سندھ کے ٹوٹے پھوٹے انفرااسٹرکچر اور عوامی مسائل سے بے نیاز بلاول زرداری کو فضل الرحمان کے بنگلوں کی فکر لگ گئی

سندھ کے ٹوٹے پھوٹے انفرااسٹرکچر اور عوامی مسائل  سے بے نیاز  بلاول زرداری کو  فضل الرحمان کے بنگلوں کی فکر لگ گئی

سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں، تباہ حال سڑکوں، ناقص شہری نظام اور مسلسل انتظامی مسائل کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، مگر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنے صوبے کے عوام کی مشکلات سے زیادہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل ہونے کی فکر لاحق ہوگئی۔ 

برسوں سے سندھ میں اقتدار کے مزے لینے والی پیپلز پارٹی کی قیادت جب عوامی مسائل کے حل کی بات آتی ہے تو جواب دہی سے دوچار ہوتی ہے، لیکن سیاسی اتحادیوں کے معاملات پر فوری رابطے اور مذمتی بیانات سامنے آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کی بے نامی جائیداد سے متعلق پوچھا  جبکہ سندھ کے عوام کس حال میں ہیں اس کی کی بلاول کو کوئی فکر نہیں کیونکہ دونوں کے مفادات ایک ہیں اور دونوں کا مفادات کے لیے گٹھ جوڑ ہے ۔

سندھ کے عوام کی بدحالی پر بلاول کی زبان کیوں بند رہتی ہے؟

بلاول بھٹو زرداری کو مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا معاملہ تو فوری یاد آگیا، لیکن سندھ کے وہ شہری کیوں یاد نہیں آتے جو ٹوٹی سڑکوں، ابلتے گٹروں، پینے کے صاف پانی کی قلت اور ناقص بلدیاتی نظام کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں؟کراچی جیسے بڑے شہر میں شہری انفرااسٹرکچر کی خستہ حالی اور بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی پر پیپلز پارٹی کی قیادت سے سوالات مسلسل اٹھتے رہے ہیں۔

سندھ میں برسوں سے حکومت کرنے والی جماعت کے چیئرمین کو پہلے اپنے صوبے کے عوام کی حالت زار کا جواب دینا چاہیے، عوام کے ٹیکسوں اور صوبائی وسائل سے چلنے والے نظام کی کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے سیاسی رہنماؤں کے گھریلو معاملات میں دلچسپی لینا آخر کس عوامی خدمت کا حصہ ہے؟

فضل الرحمان کی جائیدادیں اور مبینہ فرنٹ مینوں کے سوالات کون اٹھائے گا؟

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور جائیدادوں سے متعلق اٹھنے والے سوالات بھی ابھی اپنی جگہ موجود ہیں امان اللہ سمیت مبینہ فرنٹ مینوں کے کردار اور مالی معاملات پر وضاحت کے مطالبات کے بجائے سیاسی ہمدردی کے اظہار کو ترجیح دینا کئی نئے سوالات کو جنم دیتا ہے۔

 اگر سیاسی رہنماؤں کے ذاتی معاملات پر اتنی فکر ہے تو ان سے منسلک جائیدادوں، مالی وسائل اور مبینہ فرنٹ مینوں کے بارے میں اٹھنے والے سوالات کے جوابات بھی سامنے آنے چاہئیں۔

بلاول اور فضل الرحمان کی سیاسی قربت، عوامی مسائل کہاں گئے؟

بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ محض خیریت دریافت کرنے تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں ایک دوسرے کے لیے سیاسی ہمدردی اور حمایت کا اظہار بھی سامنے آیا، دونوں رہنماؤں کی سیاسی قربت اپنی جگہ، لیکن عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ سیاسی قیادت ایک دوسرے کے معاملات پر جس تیزی سے متحرک ہوتی ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے ایسی سرگرمی کیوں دکھائی نہیں دیتی؟

فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل ہونے پر مذمت کرنے والے بلاول بھٹو کو سندھ کے عوام کی تباہ حال سڑکیں، پینے کے پانی کی قلت، تعلیمی اداروں کی صورتحال اور صحت کے مسائل بھی یاد رکھنے چاہئیں، سیاسی رہنماؤں کے لیے ٹیلیفونک رابطے اور یکجہتی کے پیغامات آسان ہیں، مگر عوام کو عملی کارکردگی اور جواب دہی درکار ہے۔

سوال یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی ترجیحات میں سندھ کے کروڑوں عوام کے مسائل کو وہ اہمیت کب ملے گی جو آج مولانا فضل الرحمان کے ذاتی معاملے کو دی جارہی ہے؟

editor

Related Articles