پاکستان کے نوجوان فائٹر محمد جواد نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والی ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس اینڈ پینکریشن چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیت لیا۔
محمد جواد نے انڈر 15 پینکریشن کیٹیگری میں مختلف ممالک کے حریفوں کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی فائٹر نے مقابلوں کے دوران روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے کھلاڑیوں کو مات دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
محمد جواد اس سے قبل رواں سال انڈر 16 ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ایشیائی سطح پر کامیابی کے بعد عالمی چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنا ان کے لیے ایک اور بڑی کامیابی ہے۔
باکو میں جاری عالمی مقابلوں میں تقریباً 35 ممالک کے ایک ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پاکستان کے تین فائٹرز مختلف کیٹیگریز میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں،پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں اس کھیل کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔
