راولپنڈی: بنگلہ دیش نے پاکستانی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی اور تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو وائٹ واش کر دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے بھی پاکستان کو تین صفر سے شکست دے کر پاکستانی سرزمین پر پہلی بار وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان نے بنگلا دیش کو 185 رنز کا ہدف دیا، جسے مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بنگلا دیش کے اوپنرز ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد، اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔ قومی ٹیم صرف 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی اور بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی نصف ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور 136 رنز تک پہنچایا۔ محمد رضوان 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے پھر ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش کی اور 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لیکن باقی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4، اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57، اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن میراج نے 5، تسکین احمد نے 3، اور شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلا دیش کی پہلی اننگز
بنگلا دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ایک وقت پر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، لیکن لٹن داس نے شاندار سنچری اور مہدی حسن نے 78 رنز بنا کر بنگلا دیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6، میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں، جبکہ اسپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

