سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کل عمرے کی ادائیگی کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں ہونے والے الوداعی فل کورٹ میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ عمرے کے بعد یکم نومبر کو ملک واپس آئیں گے۔ وہ سپریم کورٹ کے سینئرترین جج ہیں، تاہم 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد انہیں چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔
اس کے بجائے تیسرے نمبر پر موجود سینئر جج جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، جبکہ 26 اکتوبر کو نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔