سہیل آفریدی کا بیان حقائق کے منافی، کے پی پولیس کو دی گئی سہولیات کی تفصیلات سامنے آگئیں

سہیل آفریدی کا بیان حقائق کے منافی، کے پی پولیس کو دی گئی سہولیات کی تفصیلات سامنے آگئیں

 اے پی سیز اور جدید آلات نہ ملنے کا سہیل آفریدی کا بیان حقائق کے منافی  کے پی حکومت کو مئی 2025 سے اب تک 73 بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جاچکیں ہیں 

 آزاد ڈیجیٹل کی تحقیق کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس اور صوبائی حکومت کو مئی 2025 سے اب تک مجموعی طور پر 73 بلٹ پروف اور بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جاچکی ہیں، جبکہ مزید گاڑیوں کی تیاری اور فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔

59 بلٹ پروف گاڑیاں

 آزاد ڈیجیٹل کودستیاب تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس اور حکومت کو فراہم کی گئی 73 گاڑیوں میں 59 بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں، جبکہ 14 بکتر بند اہلکار بردار گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں،یہ بکتر بند گاڑیاں پولیس اہلکاروں کو فائرنگ، دھماکوں اور دیگر حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

6 خصوصی بکتر بند گاڑیاں

فراہم کی گئی 14 بکتر بند گاڑیوں میں 6 ڈریگن گاڑیاں بھی شامل ہیں، دستیاب معلومات کے مطابق ان گاڑیوں میں انتہائی مضبوط حفاظتی انتظام موجود ہے اور ایسی گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے علاوہ کسی دوسرے ادارے کو فراہم نہیں کی گئیں،مزید 4 ڈریگن گاڑیاں تیار ہوچکی ہیں اور خیبرپختونخوا پولیس انہیں وصول کرسکتی ہے۔

مزید 13 گاڑیاں بھی تیار ہوں گی

آزاد ڈیجیٹل کی تحقیق  کے مطابق مزید 7 بکتر بند گاڑیاں اکتوبر کے پہلے ہفتے تک تیار ہوجائیں گی، جبکہ مزید 6 گاڑیاں نومبر کے وسط تک تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخواہ پولیس بدترین سیاسی ونگ میں تبدیل، 2026 پولیس ایکٹ کی کاپی آزاد ڈیجیٹل کے پاس

اسلام آباد پولیس کو بھی گاڑیاں

 اسلام آباد پولیس کو بھی جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔اسلام آباد پولیس کو محافظ نامی بکتر بند گاڑیاں دی گئی ہیں، تاہم خیبرپختونخوا پولیس نے یہ گاڑیاں قبول نہیں کی تھیں کیونکہ صوبائی پولیس نے اس کے بجائے زیادہ مضبوط بی 7 درجے کے تحفظ والی گاڑیوں کا مطالبہ کیا تھا۔

بم ناکارہ بنانے والے 81 آلات

موجودہ مالی سال میں خیبرپختونخوا پولیس کے لیے بم اور ریموٹ کنٹرول سے ہونے والے دھماکوں کو ناکام بنانے والے 81 حفاظتی آلات کی فراہمی کے لیے 4 معاہدے کیے گئے ہیں،ان 81 آلات میں سے 25 فراہم یا وصولی کے لیے پیش کیے جاچکے ہیں، جبکہ باقی آلات اکتوبر 2026 سے مارچ 2027 کے دوران فراہم کیے جائیں گے۔

پہلے 5 آلات فراہم

پہلے معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا پولیس کو 5 آلات فراہم کیے جانے تھے، جو جولائی 2026 میں مقررہ مدت کے اندر فراہم کردیے گئے،دوسرے معاہدے کے تحت مزید 20 آلات تیار کیے جاچکے ہیں اور انہیں 2 ستمبر 2026 کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے پیش کیا گیا،خیبرپختونخوا پولیس کی 10 گاڑیاں ان آلات کی تنصیب کے لیے متعلقہ ادارے کو پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید 10 گاڑیوں کا انتظار ہے۔

نومبر تک مزید 36 آلات

تیسرے معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا پولیس کے انسداد دہشت گردی شعبے کے لیے مزید 36 آلات تیار کیے جارہے ہیں، جو نومبر 2026 کے وسط تک فراہم کرنے کا منصوبہ ہے،چوتھے معاہدے کے تحت مزید 20 آلات فراہم کیے جائیں گے۔ ان کی مقررہ مدت مارچ 2027 ہے تاہم انہیں جنوری 2027 تک تیار کرکے فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

ڈرون روکنے کے لیے 23 بندوقیں

خیبرپختونخوا پولیس کے لیے ڈرونز کو روکنے اور ناکارہ بنانے والی 23 خصوصی بندوقوں کی فراہمی کے لیے بھی دو معاہدے کیے گئے ہیں،ان میں پہلے معاہدے کے تحت 7 خصوصی بندوقیں فراہم کی جائیں گی، جن کے ساتھ ڈرون کا رابطہ ختم کرنے والا نظام بھی ہوگا۔ ان کی فراہمی دسمبر 2026 تک متوقع ہے۔

انسداد دہشت گردی شعبے کو 16 بندوقیں

دوسرے معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا پولیس کے انسداد دہشت گردی شعبے کو 16 خصوصی اینٹی ڈرون بندوقیں فراہم کی جائیں گی،ان بندوقوں کے ساتھ ڈرون کا سراغ لگانے والا ہاتھ میں پکڑا جانے والا آلہ بھی ہوگا۔ یہ نظام اکتوبر 2026 تک فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

اس طرح خیبرپختونخوا پولیس کے لیے بلٹ پروف اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بم دھماکوں سے بچاؤ اور ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے جدید حفاظتی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

editor

Related Articles