سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سولر پینلز کے تاجروں نے عوام سے سولر پینلز خریدنے کی اپیل کر دی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگلے سیزن میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے لہٰذا اس سیزن میں سولر پینلز خریدنے والے صارفین کو اس اضافے سے قبل فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے کا اثر اگلے سال نظر آئے گا اور حکومتی سطح پر قیمتوں میں اضافے کی پالیسی بھی سولر پینل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا باعث بنے گی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات میں آئی ایم ایف نے شمسی توانائی کے فروغ کی مخالفت جبکہ صوبائی سرپلس بجٹ کے ہدف کو پورا نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے روز بھی بات چیت جاری ہے، جس دوران آئی ایم ایف نے صوبائی سطح پر گندم خریداری اور سولر پالیسی پر سوالات اٹھائے۔
آئی ایم ایف نے واضح طور پر پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کو پسند نہیں کیا اور اس کی مخالفت کی۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور صوبوں کے لیے سرپلس بجٹ کے ہدف کو پورا نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مذاکرات میں صوبوں میں زرعی آمدن پر ٹیکس کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی جبکہ قومی مالیاتی معاہدے پر بات چیت کل متوقع ہے۔