اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کی جانب سے عمرے کے بہانے سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے بھکاریوں کو حجاز مقدس جانے سے روکنے کے لیے سخت قوانین پر مشتمل عمرہ پالیسی کی تیاری جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ عمرے پر جانے والے پاکستانیوں سے بھیک نہ مانگنے کا بیان حلفی لیا جائے۔ وزارت مذہبی امور کے اجلاس میں یہ تجویزبھی ائی ہے کہ بیان حلفی کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
اسی طرح ٹور اپریٹر سے بھی عمرہ زائرین سے متعلق بیان حلفی لیا جائے گا۔ بھیک سے روکنے کے لیے عمرہ زائرین اکیلے نہیں گروپ کے ساتھ ہی عمرہ کرسکیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب سےعقیدت و احترام کا رشتہ،بھکاری مافیا کے سبب امیج خراب ہو رہا ہے۔ پاکستانی بھکاری عمرے کے بہانے حجاز مقدس میں بھیک مانگتے ہیں جوکہ حکومت اور پوری قوم کیلئے شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت پاکستانی بھکاریوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کر چکی ہےجس کے بعد بھکاریوں کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔