پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع کرم کی صورتحال پر صوبائی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ کرم جل رہا ہے اور صوبائی حکومت اور وفاقی حکام کچھ نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبائی حکومت ایک اہم روڈ بھی نہیں کھول سکتی، تو باقی کیا کرے گی؟فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس کوئی واضح ایجنڈا نہیں ہے، اور ان کی غیر تسلی بخش کارکردگی نے صوبے کی حالت خراب کر دی ہے۔ امن و امان کے مسائل، عوام کو بنیادی سہولتوں کی کمی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے خیبرپختونخوا کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے صوبائی وزرا کی پسماندہ علاقوں میں غیر موجودگی پر بھی تنقید کی۔گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضلع کرم میں امن کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، کیونکہ امن و امان کی خرابی نے مقامی افراد کو ہجرت پر مجبور کر دیا ہے۔

