نام نہاد بنوں پولیس امن کمیٹی کی دہشتگردانہ کاروائیوں کے ثبوت سامنے آنے لگے، ہیڈ کانسٹیبل کے قتل سے متعلق آڈیو کے بعد مغوی بیٹے کی بازیابی کیلئے بزرگ والد کی دہائیوں کی ویڈیو وائرل

نام نہاد بنوں پولیس  امن کمیٹی کی  دہشتگردانہ کاروائیوں کے ثبوت سامنے آنے  لگے، ہیڈ کانسٹیبل کے قتل سے متعلق آڈیو کے بعد مغوی بیٹے کی بازیابی  کیلئے بزرگ والد کی دہائیوں کی ویڈیو وائرل

نام نہاد بنوں پولیس امن کمیٹی کی  دہشتگردانہ کاروائیوں کے ثبوت سامنے آنے  لگے، ہیڈ کانسٹیبل کے قتل سے متعلق آڈیو کے بعد مغوی بیٹے کی بازیابی  کیلئے بزرگ والد کی دہائیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ 

بنوں کے علاقے جانی خیل کے رہائشی شیر ولی خان نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ  نام نہاد امن کمیٹی کے مسلح کارندوں نے دو ماہ قبل ان کے بیٹے صدر ولی خان کو جانی خیل اڈے سے زبردستی اغوا کیا تھا، جس کے بعد سے ان کا بیٹا اور سامان سے لدی قیمتی گاڑی تاحال لاپتہ ہیں۔

متاثرہ والد کے مطابق انہوں نے 50 سے 60 لاکھ روپے خرچ کرکے اپنے بیٹے کو باعزت روزگار کے لیے پک اپ گاڑی خرید کر دی تھی۔ صدر ولی خان جانی خیل اور بنوں کے درمیان مسافروں اور سامان کی نقل و حمل کے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔

شیر ولی خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کا کسی جرم یا غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ محض اپنے بچوں کی روزی روٹی کمانے کے لیے روزانہ بنوں آتا جاتا تھا، تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود نہ ان کے بیٹے کا کوئی سراغ مل سکا اور نہ ہی قیمتی گاڑی واپس کی گئی۔

بزرگ والد نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ صدر ولی خان گھر کا واحد کفیل تھا، اس کے معصوم بچے دن رات اپنے باپ کی واپسی کے منتظر ہیں، جبکہ واحد کمانے والا سہارا چھن جانے سے پورا خاندان شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو چکا ہے۔

متاثرہ والد نے اعلیٰ حکام اور ریاستی اداروں سے بیٹے کی باحفاظت بازیابی، گاڑی کی واپسی اور مبینہ اغوا میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہیڈ کانسٹیبل جاوید خان کے قتل سے متعلق بھی ایک مبینہ آڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، جس میں نام نہاد امن کمیٹی سے منسوب افراد کے درمیان پولیس اہلکار کے اغوا اور قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق گفتگو کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

مسلسل سامنے آنے والے سنگین الزامات پر علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Articles