وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے یکم دسمبر 2026 سے تمام سرکاری و بلدیاتی ادائیگیوں میں نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام دفاتر میں ٹیکس، فیس اور جرمانوں سمیت تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کیش لیس اسلام آباد پر عملدرآمد کا حکم جاری کردیا، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اویس افضل نے 25 نومبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق یکم دسمبر 2026 سے ایم سی آئی کے کسی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی ، پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگیاں بھی قبول نہیں کی جائیں گی ، ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز30 نومبر تک بند کرنے، مینول رسید بکس سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں سے متعلق عوامی آگاہی نوٹس بھی آویزاں کئے جائیں گے۔
تمام ڈائریکٹرز کو 7 روز میں عملدرآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے، یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی، جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوں گے۔
یکم دسمبر سے اس پالیسی کے باقاعدہ نفاذ کے بعد اسلام آباد ملک کا پہلا مکمل “کیش لیس” بلدیاتی نظام رکھنے والا شہر بن جائے گا، جو دیگر شہروں کے لیے بھی ایک ماڈل ثابت ہوگا۔