بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کردیا

بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم امتناع میں دو ہفتے کی توسیع کردی، جبکہ الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا گیا ہے۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ ابھی تک حل کیوں نہیں کیا گیا؟ اس پر قاضی عادل عزیز نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک وارڈ میں صرف دو ووٹرز ہیں، ایسے میں وہاں انتخابات کیسے کرائے جاسکتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں:امن کمیٹی یا بدمعاشوں کا ٹولہ؟ برطرف کیے گئے 17 اہلکاروں کی بحالی کا کچا چٹھا کھل گیا

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2015 کے قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ اس حوالے سے تفصیلی حکم نامہ جاری کیا جاچکا ہے اور حلقہ بندیوں سے متعلق وجوہات بھی بیان کی گئی ہیں۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ کچھ کارروائی کرتے تو کوئی اس کے خلاف اپیل دائر کرتا، الیکشن کمیشن کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا تھا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن اس حوالے سے چھ مرتبہ مشق کرچکا ہے اور قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے مزید ریمارکس دیئے کہ ہمیں ابھی معلوم نہیں کہ پارلیمنٹ اس معاملے پر کیا فیصلہ کرتی ہے، درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ کس وارڈ میں شامل ہیں، اس سے پہلے بھی اس نوعیت کی متعدد درخواستیں عدالت میں آچکی ہیں۔

عدالت نے 14 اکتوبر کے الیکشن کمیشن کے حکم نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں حلقہ بندیاں مکمل ہونے کا ذکر ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ قانون کے مطابق ہی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں دو ہفتے کی توسیع کردی اور سماعت ملتوی کردی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles