خیبر پختونخوا، نام نہاد امن کمیٹیوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا، ہمارے پاس ان کی بدعنوانیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، ریاستی ادارے فوری کارروائی کریں، شہری پھٹ پڑے
Home - آزاد سیاست - خیبر پختونخوا، نام نہاد امن کمیٹیوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا، ہمارے پاس ان کی بدعنوانیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، ریاستی ادارے فوری کارروائی کریں، شہری پھٹ پڑے
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں قائم نام نہاد ’امن کمیٹیوں‘ کی بھتہ خوری، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مقامی آبادی کو ہراساں کرنے کے خلاف عوامی شکایات اور احتجاج کھل کر سامنے آ گیا ہے۔
حالیہ منظر عام پر آنے والے عوامی بیانات اور شواہد نے ان کمیٹیوں کے اصل کردار، مالی بدعنوانیوں اوردہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مقامی ذرائع اور متاثرہ شہریوں کی سامنے آنے والی گفتگو سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ امن کے قیام کے نام پر بنائی گئی یہ کمیٹیاں اب ایک منظم مافیا کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ یہ عناصر بے گناہ شہریوں پر جھوٹے الزامات اور جرائم تھوپتے ہیں اور پھر معاملہ رفع دفع کرنے کے نام پر بھاری رقوم بٹورتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل عوامی سروے کی ویڈیو میں شہری اپنے بیانات میں یہ ہوشربا انکشاف سامنے لائے ہیں کہ ان کمیٹیوں کے بعض بااثر کردار ماہانہ 12 لاکھ روپے تک غیر قانونی طور پر بٹورتے رہے ہیں۔
مزید برآں علاقے کے معززین، مشران، علما، وکلا اور زمینداروں کو بھی کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر کسی نے ان کمیٹیوں کے خلاف آواز اٹھائی، کوئی جرگہ یا میٹنگ بلائی تو اسے ’سبق سکھایا جائے گا۔
متاثرہ شہریوں اور مقامی حلقوں نے اس بات پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے کہ یہ عناصر اپنے ذاتی مفادات اور کاروبار کو تحفظ دینے کے لیے شہداء کے نام اور ان کی قربانیوں کا بھی استحصال کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ گروہ اصل حقائق اور شواہد کو چھپاتا ہے، غیر جانبدارانہ تفتیش کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے اور الٹا بے گناہ لوگوں کو قصوروار ٹھہراتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مقامی میڈیا اور صحافی بھی ان نام نہاد کمیٹیوں کی دھمکیوں اور دباؤ سے شدید تنگ ہیں۔ جب بھی کوئی صحافی یا چینل ان کی بدعنوانیوں، بھتہ خوری اور سہولت کاری کو بے نقاب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر دباؤ ڈال کر نشریات کا رخ تبدیل کروا دیا جاتا ہے یا سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
علاقے کے عوام، سماجی حلقوں اور متاثرہ خاندانوں نے واضح اعلان کیا ہے کہ اب ان نام نہاد امن کمیٹیوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور ان کے پاس ان کی بدعنوانیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
شہریوں نے صوبائی حکومت، اعلیٰ عدلیہ اور سیکیورٹی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ امن کے لبادے میں چھپے ان بھتہ خوروں اور عوام دشمن عناصر کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، ان کے اثاثوں اور ماہانہ وصولیوں کی تحقیقات کی جائیں اور بے گناہ شہریوں کو اس منظم استحصال سے نجات دلائی جائے۔