سابق پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے جھوٹا شخص بانی پی ٹی آئی ہے۔
مانکی شریف نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے کوئی غلطی نہیں ہوئی، غلطی اس قوم سے ہوئی ہے، میری کوئی پارٹی نہیں، میری پارٹی اس ملک کے عوام ہیں۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک سالہ دور حکومت میں کون سے کام ہوئے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام بہت تکلیف میں ہیں، نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہے، مجھے پورے ملک میں عزت دی جاتی ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بہت جلد میں ایک کتاب لکھنے جا رہا ہوں، اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب اس کتاب میں لکھوں گا، عوام کے سامنے سارے حقائق لائوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ضلع نوشہرہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا، گاؤں گاؤں اسپتال، مساجد، اسکولز اور سڑکیں بنائیں۔ انہوں نے اس موقع پر جے یو آئی ف میں شمولیت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔