غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت اور ہائی لیول سیکیورٹی پروٹوکولز کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں آج ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔
پاکستان میں جاری چیمپئنز ٹرافی کے راولپنڈی میں میچز کی وجہ سے غیر ملکی کرکٹ ٹیمیں وفاقی دارالحکومت میں موجود ہیں۔ غیر ملکی ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی کی وجہ سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے گزشتہ روز ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی تھی۔ تاہم جڑواں شہروں میں مسلسل بارشوں اور روٹ لگنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چند منٹوں کا سفر اب گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر ایف ایٹ سے لے کر فیض آباد تک ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ اس کے علاوہ مری روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور شہری پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی کہ غیر ملکی مہمان کی اسلام آباد آمد کے باعث مورخہ 27فروری 2025، 06:00 تا 08:00 بجے رات تک مختلف اوقات میں سرینہ ہوٹل، کلب روڈ، فیض آباد کھنہ پل کرال چوک، ایکسپریس ہائی وے اور زیرو پوائنٹ فیصل ایونیو پر غیرمعمولی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
روٹ کے باعث ایکسپریس ہائی وے، فیصل ایونیو پر ٹریفک کی روانی میں کچھ دیر کے لیے تعطل آئے گا اور ٹریفک سست روی کا شکار ہو گی۔ اسلام آباد کی طرف سفر کرنے والے شہری نائنتھ ایونیو، سری نگر ہائی اور گولڑہ موڑ کا استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس نے گزارش کی کہ روٹ کے اوقات میں سفری دشواری سے بچنے کے لئے شہری فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ سے کورال تک سفر کرنے سے گریز کریں۔ شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی۔
سفر کے دوران کسی بھی پریشانی اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔ ٹریفک پولیس کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شہریوں کو بروقت ٹریفک روٹس سے متعلق آگاہی کے لئے موجود ہے۔