متحدہ عرب امارات کا پاکستان اور بھارت کو تحمل برتنے پر زور

متحدہ عرب امارات کا پاکستان اور بھارت کو تحمل برتنے پر زور

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ٹیلفون پر گفتگو کی ہے، دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شیخ عبداللہ بن زید النہیان کو بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیانات اور یکطرفہ اقدامات کے جواب میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق  متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے، بات چیت کو فروغ دینے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

 پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں قریبی تعاون اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون بڑھانے اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Related Articles