پاکستان سے روس جانے والی پہلی مال بردار ٹرین روانگی کے لئے تیار

پاکستان سے روس جانے والی پہلی  مال بردار ٹرین  روانگی کے لئے تیار

ویب ڈیسک۔ پاکستان اور روس کے درمیان براہ راست تجارتی روابط قائم کرنے کے لیے پہلی مال بردار ٹرین جولائی میں اپنی روانگی کا آغاز کرے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق، اس منصوبے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق، یہ ٹرین پاکستان سے مختلف برآمدی اشیاء لے کر روانہ ہوگی، جب کہ واپسی پر روس، قازقستان اور ترکمانستان سے درآمدی سامان لائے گی۔

16 کارگو ویگنوں پر مشتمل یہ مال بردار ٹرین ایران، ترکمانستان اور قازقستان کے راستے سے ہوتی ہوئی جنوبی روس کے اہم تجارتی شہر آستراخان پہنچے گی۔

ابتدائی طور پر اس ٹرین کی روانگی 22 جون کو طے تھی، تاہم ایران اسرائیل تنازعے کے بعد خطے میں کشیدگی کے باعث منصوبے کو عارضی طور پر مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اب حالات کے مستحکم ہونے کے بعد ٹرین کی روانگی جولائی کے لیے دوبارہ شیڈول کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس امریکا تعلقات میں بہتری، پیوٹن نے کریڈٹ ٹرمپ کو دیدیا

پاکستان ریلوے کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے تجارتی ڈھانچے کو وسعت دینے اور علاقائی معیشتوں سے روابط بڑھانے کی ایک بڑی کوشش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا: “یہ فریٹ کوریڈور نہ صرف روس کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دے گا بلکہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی تعاون کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔ یہ پاکستان کو علاقائی سپلائی چینز سے جوڑنے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔”

Related Articles