نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کے حوالے سے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس سی او سربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی سے متعلق مختلف انتظامی اور تیاری کے امور پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اجلاس کی میزبانی سے متعلق تمام تیاریوں کو طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ امور مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے 2027 کے ایس سی او سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تیاریوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔