یپل کے آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز رواں سال ستمبر میں کسی تاریخ کو پیش کیے جائیں گے۔ اس سیریز میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کے ساتھ نیا اور نہایت پتلا آئی فون 17 ائیر بھی شامل ہوگا، جو آئی او ایس 26 کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
ابھی تک کمپنی نے ان فونز کی لانچ کی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ماڈلز 9 یا 10 ستمبر کو ایک ایونٹ میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
ان ڈیوائسز کے بارے میں لیکس کئی ماہ سے جاری ہیں اور بیشتر فیچرز پہلے ہی سامنے آچکے ہیں، اس لیے صارفین کو کسی بڑی حیرت کی امید کم ہے۔
قیمتوں کے حوالے سے نئی لیک میں بتایا گیا ہے کہ اس سیریز کے انٹری ماڈل آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالرز سے شروع ہوگی، جو آئی فون 16 کے برابر ہے۔ تاہم باقی تین ماڈلز گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگے ہوں گے۔ آئی فون 17 پرو کی قیمت 1049 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو آئی فون 16 پرو کے مقابلے میں 50 ڈالرز زیادہ ہے۔ آئی فون 17 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1249 ڈالرز متوقع ہے، جو آئی فون 16 پرو میکس سے 50 ڈالرز زیادہ ہے۔ نیا آئی فون 17 ائیر 949 ڈالرز میں دستیاب ہوگا، جو آئی فون 16 پلس کے مقابلے میں 50 ڈالرز مہنگا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت اور چین پر عائد ٹیرف کی وجہ سے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
ڈیزائن کے لحاظ سے آئی فون 17 سیریز میں نمایاں تبدیلیاں ہوں گی۔ بیک پر موجود اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کرکے گوگل پکسل کے پل (pill) کیمرا بار جیسا نیا ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا۔ یہ تبدیلی 2020 میں آئی فون 11 کے بعد پہلی بڑی کیمرا ڈیزائن اپ ڈیٹ ہوگی۔ فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ فونز میں زیادہ تیز میگ سیف چارجنگ اور اے 19 چپس شامل کی جائیں گی۔
آئی فون 17 ائیر کمپنی کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا، جو آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا۔ اس میں بیک پر صرف ایک کیمرا ہوگا، جو ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔ اس فون کی سب سے بڑی خاصیت اس کا ڈیزائن ہوگا، جبکہ فیچرز کے لحاظ سے یہ اسٹینڈرڈ ماڈل سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔