خیبرپختونخوا حکومت اور چینی کمپنی ”گولڈن ڈریگن” کے مابین بی آر ٹی بسوں کی خریداری کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت صوبائی حکومت گولڈن ڈریگن کمپنی سے50مزید بسیں خریدے گی جبکہ کمپنی دو 12 میٹر لمبی بسیں مفت فراہم کرے گی۔
جمعہ5ستمبر کو صوبائی کابینہ نے گولڈن ڈریگن کے ساتھ اس معاہدے کی منظوری دی ہے۔ یہ 50 نئی بسیں خیبر روڈ، رنگ روڈ، اور باڑہ روڈ پر چلائی جائیں گی۔2018 میں صوبائی حکومت نے گولڈن ڈریگن سے 220 بسیں خریدی تھیں جن میں 12 میٹر اور 18 میٹر لمبی بسیں شامل تھیں۔
بعد ازاں، مزید 24 بسیں بی آر ٹی سروس میں شامل کی گئیں تاکہ کمی کو پورا کیا جا سکے۔ اس وقت، پشاور بی آر ٹی سروس میں 244 بسیں 18 مختلف روٹس پر چل رہی ہیں۔ مستقبل میں 24 نئے روٹس کیلئے 300 اضافی بسوں کی ضرورت ہے۔
نئی بسیں 2017-18ء کے معاہدے کے تحت خریدی جائیں گی جس کیلئے کمپنی نے فی بس کی قیمت ایک لاکھ 55ہزار 530امریکی ڈالر ظاہر کی ہے۔جن کی پاکستان کرنسی میں ایک بس کی قیمت 4کروڑ40لاکھ روپے بنتی ہے۔ بسوں کی خریداری اور دیگر مدات میں مجموعی طور پر 3ارب20کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔گولڈن ڈریگن کی جانب سے مفت فراہم کی جانے والی 2 بسوں کی مالیت 8کروڑ80لاکھ روپے ہے۔
14 جولائی کو صوبائی حکومت نے مشروط طور پر 50 بسوں کی خریداری کی منظوری دی تھی جس میں شرط یہ رکھی گئی تھی کہ خریداری سے قبل کمپنی 2 مفت بسیں فراہم کرے گی خریداری کا عمل آئندہ 6ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔