وفاقی وزرا علی پرویز ملک اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت نے گھریلو استعمال کے لیے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے آغاز میں میجر عدنان اسلم شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے، جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز دیے جائیں گے، جو درآمدی ایل پی جی کے مقابلے میں 35 فیصد تک سستی ہوگی۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور فوری طور پر موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سیلاب کی وجہ سے زرعی ایمرجنسی بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سے مشاورت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم جلد چاروں وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین کامیاب رہا اور چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی اب نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ 2021 سے گھریلو صارفین کے گیس کنکشن پر پابندی عائد تھی، تاہم آج وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ کنکشن دوبارہ دیے جائیں گے، جس سے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔