وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران پولینڈ کے سفیر میچیئی پِسارسکی نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تیل و گیس کے شعبے میں 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں سفیر نے اعلان کیا کہ پولینڈ کی جانب سے پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں 100 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مزید شعبہ جات میں شراکت داری کی تلاش میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا
سفیر پِسارسکی نے بتایا کہ پولینڈ جلد ہی ایک اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجے گا۔ یہ فیصلہ پولینڈ کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے جاری انسانی امداد اور معاشی تعاون کا تسلسل ہے۔
سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول
ملاقات میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر بھی زور دیا گیا، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
پاکستان علاقائی شراکت دار وارسا کا مؤقف
سفیر پِسارسکی نے کہا کہ وارسا پاکستان کو خطے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے، اور طویل المدتی، باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری قائم رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پولینڈ کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کا خواہاں ہے۔