ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہریوں کے پاسپورٹ بیگ لاک کو صفر کر دیا گیا ہے، جو محکمہ پاسپورٹ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات بنگلادیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور پاسپورٹ پروڈکشن پراسس کا جائزہ لیا۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے ہائی کمشنر کو پاسپورٹ پروڈکشن میں جدید سہولتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں جدید پاسپورٹ لیمی نیشن، سیکیورٹی فیچرز اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فراہم کی جانے والی آسان آن لائن سروسز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
بنگلادیشی ہائی کمشنر نے جدید پروڈکشن سہولتوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے محکمہ جاتی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے پاسپورٹ پروڈکشن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قلیل مدت میں پاسپورٹ بیگ لاک کو صفر کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے، جو پاکستان کے جدید نظام کی عکاسی کرتا ہے۔