عالمی سطح پر کموڈٹیز (commodities) کی قیمتوں میں کمی اور طلب کے مقابلے میں رسد بڑھنے کے باعث ملک میں دالوں، چاول اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
کراچی کی مقامی تھوک مارکیٹ جوڑیا بازار میں دالوں کی فی کلو قیمت کم از کم 50 روپے اور زیادہ سے زیادہ 70 روپے تک کم ہوگئی ہے۔
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں تھوک مارکیٹ میں مختلف دالوں کی قیمتوں میں فی کلو 30 سے 40 روپے تک مزید کمی متوقع ہے۔
رؤف ابراہیم نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات مقامی تھوک مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں اور مجموعی طور پر دالوں کی قیمتیں 100 روپے فی کلو تک کم ہوسکتی ہیں۔
چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق، چینی کے فارورڈ سودے 140 روپے میں طے ہو رہے ہیں، اس لیے آنے والے ہفتوں میں چینی کی فی کلو تھوک قیمت 175 روپے سے گھٹ کر 150 روپے تک آنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سے چینی کی درآمد اور مقامی کاشت کے سیزن کے آغاز کے باعث فی کلو چینی مزید 25 روپے سستی ہوگی۔
رؤف ابراہیم کے مطابق، تھوک مارکیٹ میں باسمتی چاول کی قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو تک کمی متوقع ہے، جس سے قیمت 350 روپے سے کم ہو کر 250 روپے تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دالوں، چاول اور چینی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو نمایاں ریلیف ملے گا۔