لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین کے لیے نئے بجلی کنکشن حاصل کرنے کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔
کمپنی نے ڈیمانڈ نوٹس کے اجرا اور میٹر کی تنصیب سے قبل الیکٹرک انسپکٹر کی ٹیسٹ رپورٹ کی آن لائن تصدیق کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور ٹیوب ویل کنکشنز کے لیے بھی متعلقہ الیکٹرک انسپکٹر کی منظوری لازمی ہوگی۔
لیسکو نے نئے کنکشن کے پورے نظام کو الیکٹرک انسپکٹر کی رپورٹ سے منسلک کر دیا ہے۔ صارفین کو آن لائن درخواست جمع کراتے وقت ٹیسٹ رپورٹ اپ لوڈ کرنا بھی لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق جب تک الیکٹرک انسپکٹر کی جانب سے رپورٹ کی آن لائن تصدیق مکمل نہیں ہوتی، صارف کو ڈیمانڈ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔ تصدیق کے بعد لیسکو کی جانب سے صارف کو میٹر اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے گا، جس کے بعد نیا کنکشن نصب کیا جائے گا۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام میں شفافیت، حفاظت اور غیرقانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ نئی شرائط سے درخواست کا عمل مزید پیچیدہ اور وقت طلب ہو جائے گا۔
توانائی ماہرین کے مطابق اگر لیسکو کا یہ فیصلہ مؤثر طور پر نافذ کیا گیا تو یہ اقدام ٹیکنیکل معیار اور صارفین کی سلامتی میں بہتری کا باعث بنے گا۔