نویبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا اپنے بارے میں بڑا انکشاف

نویبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا اپنے بارے میں بڑا انکشاف

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن اور تعلیم کی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں ویڈ (کینابس) کے نشے کے ایک تجربے نے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا اور ماضی کے وہ تکلیف دہ لمحات تازہ ہو گئے جب طالبان نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔

برطانوی روزنامے کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے بتایا کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے دوران اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ بیٹھیں، جہاں انہوں نے پہلی بار ویڈ کا استعمال کیا۔ ابتدا میں یہ تجربہ ایک عام یونیورسٹی سرگرمی محسوس ہوا، لیکن جلد ہی اس کے اثرات نہایت خوفناک شکل اختیار کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت پاکستان افغان لڑکیوں اور خواتین کو ملک بدر کرنا بند کرے : ملالہ یوسفزئی

ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ’نشے کے اثر میں مجھے اچانک ایسا محسوس ہوا جیسے میں دوبارہ 15 سال کی ہو گئی ہوں، جیسے وقت پلٹ گیا ہو۔ وہی اسکول بس، وہی بندوق تھامے دہشتگرد اور وہی خون آلود منظر میری آنکھوں کے سامنے آگئے جنہیں میں نے برسوں پہلے پیچھے چھوڑنے کی کوشش کی تھی‘۔

انہوں نے بتایا کہ اچانک انہیں شدید گھبراہٹ اور بے چینی نے گھیر لیا، دل کی دھڑکن تیز ہو گئی اور جسمانی طور پر بھی وہ کمزور محسوس کرنے لگیں۔ وہ ایک کمرے میں جا گریں جہاں انہیں شدید الٹیاں ہوئیں۔

ان کے مطابق، ان کی قریبی دوست انیسہ اس وقت ان کے ساتھ تھیں، لیکن اسپتال لے جانے سے روک دیا کیونکہ خون میں ابھی تک منشیات کے اثرات باقی تھے، جس کے قانونی و طبی نتائج ہو سکتے تھے۔

ملالہ نے لرزتے ہوئے الفاظ میں بیان کیا کہ ’میں ساری رات جاگتی رہی، یہ سوچ کر کہ شاید اب کبھی دوبارہ زندہ نہ اٹھ سکوں۔ مجھے لگا جیسے میری زندگی کا ایک اور باب ختم ہونے والا ہے‘۔

اس اعتراف کے بعد ملالہ نے اپنی ذہنی صحت، ماضی کے صدمات اور ان کے اثرات پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے اس واقعے کو ذہنی صحت کی اہمیت اور پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کی ایک جھلک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم میں سے کئی لوگ ماضی کے زخموں کو دفن کر دیتے ہیں، لیکن وہ کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتے۔ کبھی کبھار، کسی ایک لمحے میں سب کچھ دوبارہ سامنے آ جاتا ہے‘۔

مزید پڑھیں:لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے کانفرنس: ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئیں

ملالہ کی اس جرات مندانہ گفتگو کو دنیا بھر میں سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، خاص طور پر ذہنی صحت، ٹراما اور نوجوانوں میں منشیات کے اثرات کے حوالے سے، ان کا بیان نہ صرف ذاتی کرب کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اس پر روشنی بھی ڈالتا ہے کہ عالمی سطح پر نوجوانوں کو ذہنی صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کس طرح مدد کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو 2012 میں طالبان نے اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کر رہی تھیں۔ اس حملے کے بعد وہ علاج کی غرض سے برطانیہ منتقل ہوئیں اور بعد ازاں آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔

ان کا حالیہ بیان اس بات کا مظہر ہے کہ ظاہری کامیابیوں اور عالمی شہرت کے باوجود، ماضی کے گہرے زخم کس طرح انسان کے ذہن پر اثر انداز ہوتے ہیں اور ذہنی صحت کو کتنا سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

 

Related Articles