امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران میں نے سنا کچھ اخبارات میں آیا کہ 7 یا 8 طیارے گرائے گئے۔
میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک اخبار نے لکھا کہ 7 طیارے گرائے گئے، ایک کو نقصان پہنچا، کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا، زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ مگر حقیقت میں پاک بھارت جنگ کے دوران 8 طیارے گرائے گئے، دونوں ایٹمی ممالک کی جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی۔
ظہران ممدانی کے منتخب ہونے پرٹرمپ کاکہنا تھا کہ ممدانی نیویارک میں کیسا کام کرتے ہیں، ہم ان کی تھوڑی مدد کریں گے، نیویارک کے لوگوں نے بائیں بازو کے ظہران ممدانی کو میئر منتخب کر کے امریکا کی ’خودمختاری‘ کھو دی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک کمیونسٹ امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن گیا ہے اب دیکھتے ہیں وہ کیسے اقدامات کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں نیویارک کامیاب ہو۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر فوجی کشیدگی کے دوران سات ’بالکل نئے اور خوبصورت طیارے‘ مار گرائے گئے تھے۔
ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا کہ اُن کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرِف کی وجہ سے انہوں نے بہت سی جنگیں روک کر دنیا کی بڑی خدمت کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی مواقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی جھڑپ دہائیوں میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان بدترین تصادم تھا جو مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد شروع ہوا، جس میں نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے جسے اسلام آباد نے مسترد کردیا تھا۔
مختصر تصادم کے فوراً بعد پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جنگ کے دوران بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا جس کے باقائدہ ثبوت بھی پیش کیے گئے۔
ابتدائی طور پر بھارت ان دعوؤں کو مسترد کرتا رہا، بعد ازاں، نئی دلی نے جنگ میں طیاروں کی تباہی کو تسلیم کیا مگر تعداد بتانے سے گریز کیا اورطیارے مارگرائے جانے کی بات سے آج تک انکاری ہے۔