دنیا بھر میں کروڑوں فٹبال شائقین کے لیے افسوسناک خبر ہے کہ فٹبال کی دنیاکے بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو نے میدان کو خیرباد کہنے کا عندیہ دیدیا جس سے ان کے مداح بے حد افسردہ نظر آتے ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق فٹبال کے ورلڈ سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ جلد ریٹائر ہونا چاہتے ہیں تاکہ اپنے اہل خانہ کو زیادہ وقت دے سکیں، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ چالیس سال کی عمر میں شاندار کیریئر کو اس چمک دمک کے ساتھ جاری نہیں رکھا جا سکتا ہے ، اس لیے اب وہ بعد از ریٹائرمنٹ کی زندگی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
رونالڈو نے اعتراف کیا کہ میرے لیے اگرچہ اپنے شاندار کیریئر کو ختم کرنا بہت مشکل فیصلہ ہوگا، مگر وہ اس لمحے کے لیے کافی عرصے سے ذہنی طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 25، 26 سال کی عمر سے ہی اپنے مستقبل کی تیاری کر رکھی ہے، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کے دباؤ کو برداشت کر لوں گا۔
سعودی عرب کے النصر کلب کے سٹرائیکر نے ہمیشہ گول کیے ہیں اور اب تک الناصر کلب اور مملکت دونوں کی طرف سے 952 گول کر چکے ہیں، گزشتہ ماہ انہوں نے کہا تھا کہ وہ 1000 گولز مکمل کرنے کے بعد کھیل کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔
معروف میزبان پِیئرس مورگن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے 5 مرتبہ کے ’بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ رونالڈو نے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اس لیے میں اپنے فٹبال کے کیریئر کا اختتام کر کے اپنے اہل خانہ اور بچوں کی پرورش کے لیے زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق فارورڈ کا کہنا ہے کہ تین سال قبل کلب میں دوسرے ناخوشگوار سپیل کو ختم کرنے کے باوجود اب بھی اسے بھولے نہیں ہیں ، میری اداسی کی وجہ یہ ہے کہ یہ دنیا کے اہم ترین کلبوں میں سے ایک ہے ، ایک ایسا کلب ہے جو اب بھی میرے دل میں بستا ہے۔
رونالڈو نے کہا امید ہے کہ حال اور مستقبل میں تبدیلیاں آئیں گی، کیونکہ کلب کی صلاحیت حیرت انگیز ہے، وہ اچھے راستے پر نہیں ہیں لیکن یہ صرف کوچ اور کھلاڑیوں کی وجہ سے نہیں ہوتا ، میرے خیال میں اس کے مینیجر پوری کوشش کر رہے ہیں۔ مگر معجزے ممکن نہیں ہو سکتے۔
رونالڈو کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے اور کئی مداحوں نے لکھا کہ ’فٹبال رونالڈو کے بغیر ادھورا لگے گا‘ جبکہ کچھ نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنا آخری گول 1000 کے ہدف کے ساتھ یادگار انداز میں مکمل کریں گے۔