وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے شہریوں اور پاکستانی اداروں کے خلاف منفی اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت انگیز مہم چلانے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر اسلام آباد پولیس اور ریاستی اداروں کے خلاف جعلی ویڈیوز اور پرانی فوٹیجز شیئر کی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں بداعتمادی پیدا کی جا سکے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو فنڈنگ کر رہی ہیں اس لیے عوام خصوصاً نوجوانوں کو چاہیے کہ کسی بھی خبر کو تصدیق کے بغیر شیئر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ دھیر کوٹ واقعے اور دیگر ویڈیوز کو جان بوجھ کر منفی انداز میں پیش کیا گیا تاکہ اداروں کو بدنام کیا جا سکےان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو مظفرآباد جا چکی ہے۔
یہ خبربھی پڑھیں :بھارتی تنخواہ دار سوشل میڈیا انفلوئنسر عادل راجہ کا کشمیریوں کیخلاف منظم پروپیگنڈہ بے نقاب
انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کشمیری عوام کے احترام پر قائم ہے اور قائداعظم کے قول کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ کچھ پرانی ویڈیوز اور من گھڑت خبریں سوشل میڈیا پر ڈرامائی انداز میں پیش کی جا رہی ہیں تاکہ عوامی جذبات کو بھڑکایا جا سکے لیکن پاکستان اور کشمیر کے رشتے کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔