اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے واضح کیا ہے کہ ای ٹیگ اسلام آباد سمیت ملک کے کسی بھی صوبے سے رجسٹرڈ تمام گاڑیوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن میں گاڑیوں پر ای ٹیگ کا نفاذ سرفہرست ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے ای ٹیگز 18 نومبر سے جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد شہری مختلف مقررہ پوائنٹس سے یہ سٹیکرز حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ان تمام پوائنٹس کے بارے میں پہلے سے آگاہ کیا جائے گا جہاں سے ای ٹیگ سٹیکرز کی فراہمی ممکن ہوگی۔
عرفان میمن نے کہا کہ ای ٹیگ سٹیکر لگوانے کے لیے گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا، جبکہ شہری یہ سٹیکرز صرف ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ مراکز ہی سے حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی شاہراہوں پر چلنے والی ہر گاڑی—خواہ وہ کسی بھی صوبے سے رجسٹرڈ ہو—کے لیے ای ٹیگ کا ہونا لازمی شرط ہوگی۔
اس سے ایک روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سخت احکامات جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ای ٹیگ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت کا موقف ہے کہ اس نظام کے نفاذ سے نہ صرف سیکیورٹی نظام مزید مضبوط ہوگا بلکہ شہر میں ٹریفک مینجمنٹ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔