سوزوکی نے پاکستان میں اپنی سب سے بڑی اور مہنگی گاڑی سوزوکی فرونکس پیش کر دی ہے، جو کمپنی کی پہلی مقامی سطح پر اسمبل کی جانے والی کمپیکٹ ایس یو وی بھی ہے۔
کراچی میں منعقد ہونے والی تقریبِ رونمائی میں اس نئی گاڑی کو باقاعدہ طور پر متعارف کرایا گیا، جس نے خریداروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس سے قبل درآمدی ماڈل وٹیارا کو مارکیٹ میں متعدد مسائل کا سامنا تھا، تاہم سوزوکی اب اس نئی لانچ کے ذریعے مضبوط واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق فرونکس کی لوکل اسمبلی کا فیصلہ وٹیارا کی درآمدی قیمت اور اسپیئر پارٹس کی دستیابی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر پیداوار سے نہ صرف قیمت میں بہتری آئے گی بلکہ گاڑی کی دیکھ بھال اور مرمت بھی کم خرچ میں ممکن ہوگی۔ سوزوکی اس حکمت عملی کے ذریعے صارفین کا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی امید رکھتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں پہلے ہی مضبوط مقابلہ موجود ہے، اس لیے سوزوکی کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ صارفین فی الحال گاڑی کی حتمی قیمت کے اعلان کے منتظر ہیں، کیونکہ یہی فیصلہ کرے گا کہ یہ گاڑی مارکیٹ میں کس حد تک کامیابی حاصل کر سکے گی۔
سوزوکی فرونکس کا مقابلہ براہ راست ہونڈا ایچ آر وی، کیا سٹونک اور ٹویوٹا کرولا کراس سے ہوگا۔ اگرچہ سوزوکی نے ابھی تک گاڑی کی قیمت ظاہر نہیں کی، لیکن جاری کی گئی ابتدائی خصوصیات اور تصاویر نے خریداروں میں تجسس اور انتظار کو بڑھا دیا ہے۔
سوزوکی فرونکس کی اہم خصوصیات میں 3995 x 1765 x 1550 ملی میٹر سائز، 2520 ملی میٹر وہیل بیس، 1.5 لیٹر انجن، 103 ہارس پاور، 138 این ایم ٹارک، 4 اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس، 37 لیٹر فیول ٹینک اور سیٹس فولڈ کرنے پر 605 لیٹر لگج کیپیسٹی شامل ہیں۔ گاڑی میں 16 انچ الائے رمز بھی دیے گئے ہیں۔
اندرونی خصوصیات میں 9 انچ ٹچ اسکرین جو اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کار پلے کے ساتھ ہے، ڈیجیٹل کلائمٹ کنٹرول، ریئر اے سی وینٹس، وائرلیس چارجر، اسٹیئرنگ کنٹرول، کی لیس انٹری، پنش اسٹارٹ اور ریئر یو ایس بی پورٹس شامل ہیں۔
سیکیورٹی کے حوالے سے فرونکس میں چھ ایئر بیگز، اے بی ایس، وہیکل اسٹیبلٹی اسسٹ، ہل ہولڈ کنٹرول، 360 ڈگری کیمرا اور پارکنگ سینسرز شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی نہ صرف ڈیزائن کے لحاظ سے جدید ہے بلکہ صارفین کے لیے ایک عملی انتخاب بھی ثابت ہو سکتی ہے۔