صوبہ خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاور کے تاریخی قلعہ بالاحصار میں 16ویں سالانہ وینٹیج کلاسک کار شو کا شاندار اور رنگا رنگ انعقاد کیا گیا، جسے ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ نے بھرپور انداز میں منظم کیا۔ صدیوں پرانے قلعہ میں کلاسک گاڑیوں کی نمائش نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔
کار شو میں ملک بھر سے کلاسک گاڑیوں کے شوقین افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شامل نایاب اور پرانی گاڑیاں اپنی اصل حالت اور منفرد خوبصورتی کے باعث شرکا کی توجہ کا مرکز بنیں۔ کئی ماڈلز ایسے بھی پیش کیے گئے جو 1940 اور 1950 کی دہائی سے تعلق رکھتے تھے، جنہیں دیکھنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں موجود رہے۔
شرکا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس طرح کی مثبت اور خاندانی سرگرمیاں نہ صرف عوام کو تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ پشاور کی ثقافتی زندگی میں تازگی بھی لاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسی تقریبات پشاور کی ثقافتی خوبصورتی اور تاریخی ورثہ کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتی ہیں’۔
شرکا نے ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ اور پاک فوج کا اس کامیاب، پرکشش اور منظم تقریب کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسے پروگرام امن و سکون کے فروغ اور شہر کی مثبت شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں’۔
کار شو کے اختتام پر خصوصی انعامات بھی دیے گئے، جبکہ شرکا نے امید ظاہر کی کہ پشاور میں اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ عوام کی زبردست دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس تقریب کو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔